لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی کینٹ اختر نواز کی ہدایت پر موٹر سائیکل چوری میں ملوث گینگ کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ ایس ایچ او باغبانپورہ رضوان خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی ‘‘واجد موٹر سائیکل چور گینگ’’ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی میں گینگ کے سرغنہ واجد اور اس کے ساتھی احمد کو حراست میں لیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے پانچ موٹر سائیکلیں، ماسٹر چابیاں اور اڑھائی کلو سے زائد چرس برآمد ہوئی۔ ایس پی کینٹ اختر نواز نے بتایا کہ ملزمان گلی محلوں میں بغیر لاک موٹر سائیکلیں چوری کر کے فرار ہوتے تھے اور منشیات فروشی میں بھی ملوث تھے۔ گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں جرائم کا اعتراف کر لیا ہے۔ پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ برآمد شدہ موٹر سائیکلیں مختلف مقدمات میں مطلوب تھیں۔ ایس پی کینٹ نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔