ویب ڈیسک: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی ہدایات
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں شدید بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ دریائے راوی سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔
مانیٹرنگ اور ایمرجنسی انتظامات
صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں موسمی صورتحال کی مانیٹرنگ 24 گھنٹے جاری ہے۔ریسکیو 1122، واسا اور دیگر اداروں کو مشینری اور عملے کو الرٹ رکھنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے تاکہ نشیبی علاقوں سے پانی کی بروقت نکاسی ممکن بنائی جا سکے۔
موسمی پیشگوئی اور احتیاطی تدابیر
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا سلسلہ 31 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
خطرات اور احتیاطی اقدامات
اربن فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کے باعث قریبی رہائشی علاقوں کو خاص طور پر محتاط رہنے کا کہا گیا ہے۔نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں۔