لاہور کے علاقے باٹا پور میں تین ڈاکوسمسون، زاہد اور وقاص اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے ، ایک ہربنس میں مارا گیا
حسن ابدال میں درجنوں واردات میں ملوث تین ڈاکو ہلاک ، بورے والا میں دو بھائیامجد اور ارشد اور صادق آباد میں ڈاکو مارا گیا
لاہور ،بورے والا، حسن ابدال ، صادق آباد (کرائم رپورٹر ) لاہور ،بورے والا، حسن ابدال ، صادق آباد میں ہونیوالے مقابلوں میں10ڈاکو ہلاک ہو گئے باٹا پور اور ہربنس پورہ سی سی ڈی پولیس مقابلوں کے دوران 4 ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔ ذرائع پولیس کے مطابق سی سی ڈی کا باٹا پور میں مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران تین ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے باٹا پور میں ریڈ کی پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزموں نے ساتھیوں سمیت فائرنگ کردی تین ملزمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوئے ملزمان کو طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جاتے ہوئے ملزمان راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ ہلاک ملزمان کی شناخت سمسون، زاہد اور وقاص کے نام سے ہوئی۔دوسرا واقعہ ہربنس پورہ میں مبینہ پولیس مقابلہ ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔سی سی ڈی کی ٹیم ملزم عامر کو ریکوری کیلئے لے جارہی تھی کہ اس دوران ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں زیر حراست ملزم عامر جاں بحق ہو گیا ملزم کے ساتھی موقع سے فرار ہوگئے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لاشوں کو قبضے میں لیکر مردہ خانے منتقل کرکے فرار ہونیوالے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔بورے والا میں شیخ فاضل کی حدود میں پولیس اور ڈاکوں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلہ کے دوران دو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے جبکہ انکے دیگر ساتھی فرار ہوگئے ہیں لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق بورے والا کیتھانہ شیخ فاضل کی حدود نواحی گاوں/429 ای بی کے قریب ڈاکو واردات کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ پولیس نے تعاقب کیاتوپولیس کے تعاقب پر ملزمان نے پولیس وین پر فائرنگ کر دی جس پر جوابی فائرنگ کے تبادلہ کے دوران دو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے جبکہ انکے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔فرار ملزموں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ہلاک ہونے والے والوں کی شناخت امجد اور ارشد کے ناموں سے ہوئی ہے۔حسن ابدال کے علاقہ چھچھ راہزنی کی درجنوں واردات میں ملوث تین ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔ ملزم امجد علی ،مہمند پٹھان ،گل نبی ، وارث خان ساکن افغانستان حال ترنول اسلام آباد کو سی سی ڈی ٹیم ریکوری کے بعد لیکر واپس روانہ تھی کہ علاقہ تھانہ صدر حسن ابدال میں ایک موٹر سائیکل پر سوار افراد نے سامنے آ کر پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی جس سے ان کے اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے تین ملزم ہلاک ہو گئے۔ دو ملزم پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے بھاگ گئے ہیں۔سی سی ڈی پنجاب نے لنڈا پھاٹک صادق آباد کے قریب خطرناک ڈاکو شاہ نواز عرف شاہان شیخ کو ہلاک کر دیا۔پولیس حکام کے مطابق سی سی ڈی اور ڈاکوئوں میں مقابلے ہوا جس میں ڈاکو شاہ نواز عرف شاہان شیخ مارا گیا، ملزم اغوا برائے تاوان اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب تھا۔