پھولوں کی نمائش کی تیاریاں زور و شور سے جاری

ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب قائم فلاور بیڈ پر پی ایچ اے کی ٹیمیں متحرک 
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور کو خوبصورتی کا نیا رنگ دینے کے لیے پھولوں کی شاندار نمائش کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے وڑن کے تحت کینال کے اطراف کو دلکش انداز میں سجایا جا رہا ہے، جہاں رنگ برنگے پھول شہر کے حسن میں نمایاں اضافہ کریں گے۔ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب قائم فلاور بیڈ پر پی ایچ اے کی ٹیمیں بھرپور انداز میں متحرک ہیں، جبکہ ہارٹیکلچر ماہرین اور باغبان ساڑھے پانچ کنال سے زائد رقبے کو خوبصورت پھولوں سے آراستہ کرنے میں مصروف ہیں۔انتظامیہ کے مطابق اس نمائش میں پینتیس سے زائد اقسام کے پھول رکھے جائیں گے، جبکہ پانچ ہزار گملوں کو دلکش انداز میں سجایا جا رہا ہے۔ شہری ایک ہی مقام پر لاکھوں پھولوں کا نظارہ کر سکیں گے، جو قدرتی حسن کا ایک منفرد منظر پیش کریں گے۔فلاور بیڈ پر کھلے خوبصورت پھول نہ صرف ماحول کو خوشگوار بنا رہے ہیں بلکہ یہاں آنے والوں کے لیے ایک پْرسکون اور دلکش سیٹنگ ایریا بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں شہری اس خوبصورتی سے بھرپور ماحول کو قریب سے محسوس کر سکیں گے۔ایم ڈی پی ایچ اے راجہ منصور احمد کے مطابق اس اقدام کا مقصد لاہور کو مزید خوبصورت بنانا اور شہریوں کو صحت مند تفریح فراہم کرنا ہے