اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک شخص ایک جماعت کے ذریعے پورے ملک کو یرغمال بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر جماعت یا تحریک کا مقصد عوام کی بھلائی ہونا چاہیے، لیکن موجودہ صورتحال میں حکومت سے درخواست کی کہ وہ اس شخص کو زبردستی روکے کیونکہ ان پر 9 مئی جیسے سنگین واقعات کا الزام ہے۔ملک احمد خان نے مزید کہا کہ اس شخص نے ملک، فوج اور اداروں پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک صوبے کے وزیرِ اعلیٰ نے بلوائیوں کے ساتھ وفاقی اداروں پر حملہ کیا ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کا احتجاج دوسرے روز میں داخل ہو چکا ہے اور اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے راستے بند ہیں۔ پی ٹی آئی کے قافلے کی قیادت بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور کر رہے ہیں، جو ہزارہ انٹرچینج سے ایم ون پر روانہ ہوئے ہیں۔ بشریٰ بی بی کی گاڑی پی ٹی آئی کے قافلے کے آگے آ گئی تھی اور وزیرِ اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کو ہزارہ انٹرچینج پر شلینگ کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم، علی امین گنڈاپور نے آرام کرنے کے بعد دوبارہ روانہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔