"سسٹم کو یرغمال بنانے نہیں دیں گے، اپوزیشن کا رویہ افسوسناک ہے: ملک احمد خان"

ویب ڈیسک: اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ایوان کی کارروائی میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور آئین کی پاسداری پر زور دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کو اکھاڑہ یا کبڈی کا میدان نہیں بننے دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ ایوان میں ہمیشہ آئینی، جمہوری اور پارلیمانی اقدار کی پاسداری کی تلقین کی ہے، لیکن بدقسمتی سے اپوزیشن ارکان نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تقریر کے دوران شدید ہنگامہ آرائی، نعرے بازی اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر پارلیمانی روایات کو پامال کیا۔انہوں نے کہا کہ ایوان میں حکومتی جماعت کو واضح اکثریت حاصل ہے، اور چند عناصر نظام کو یرغمال بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میری ذمہ داری ہے کہ ایوان کے تقدس کو ہر قیمت پر برقرار رکھوں۔

ملک احمد خان نے اپوزیشن کے طرزِ عمل کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ رولنگ کے باوجود اپوزیشن ارکان باز نہ آئے، جس کے باعث انہیں کارروائی کرنا پڑی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل میں احتجاج کا حق سب کو ہے، مگر اس کا ایک طریقہ کار اور دائرہ کار ہوتا ہے، جس کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ مریم نواز کی تقریر کے دوران شدید احتجاج، شور شرابے اور ایوان میں ہنگامہ آرائی پر سپیکر نے پاکستان تحریک انصاف کے 26 ارکانِ اسمبلی کو 15 اجلاسوں کے لیے معطل کر دیا تھا۔ اس اقدام کا مقصد ایوان کے نظم و ضبط کو بحال رکھنا اور پارلیمانی اقدار کا تحفظ کرنا بتایا گیا ہے۔