ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں عوام سے رابطے بڑھائیں‘ مسائل حل کریں شہبازشریف

 ٹیرف کے نرخوں کو کم اور نظام کو عام فہم و سہل بنایا جائے‘ ٹیرف میں اصلاحات لا کر صنعتوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کی حکمت عملی اپنائی جائے
برآمدات میں اضافے کیلئے سروسز، آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں پرخصوصی توجہ دی جائے‘ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی ’’اڑان پاکستان‘‘ ویژن کا اہم جزو ہے:وزیراعظم

اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹیرف کے نرخوں کو کم اور نظام کو عام فہم و سہل بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیرف میں اصلاحات لا کر صنعتوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کی حکمت عملی اپنائی جائے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس  ہوا۔وزیراعظم نے آئندہ پانچ سال میں ملکی برآمدات کو 60 بلین ڈالر کے تک لے جانے کے لیے جامع اور مؤثر حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے معیشت کی ترقی اور برآمدات کو فروغ دینے کے لیے معاشی ٹیم کو ٹیرف  کے نظام میں پائیدار اصلاحات متعارف کرانے اورٹیرف کے نرخوں کو کم اور نظام کو عام فہم و سہل بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا  ٹیرف میں اصلاحات لا کر صنعتوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کی حکمت عملی اپنائی جائے۔وزیراعظم نے برآمدات میں اضافے کے لیے سروسز، آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں کو خصوصی توجہ دینے کی ہدایت  کی اور کہا کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی ''اڑان پاکستان'' ویژن کا اہم جزو ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ برآمدی صنعتوں کی ترقی کیلئے ایکسپورٹ ڈیویلوپمنٹ فنڈ کے گورننس نظام میں ضروری اصلاحات کی جائیں‘دریں اثناء شہباز شریف سے اراکین قومی اسمبلی محمد ادریس، احسان الحق باجوہ، مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہ نواز رانجھا اور شاہ محمد شاہ کی علیحدہ علیحدہ ملاقات ہوئی۔ارکان قومی اسمبلی نے حالیہ معاشی استحکام پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات میں  متعلقہ حلقوں  کے امور پر گفتگوکی گئی ۔وزیر اعظم نے ارکان اسمبلی کو اپنے حلقوں میں عوام سے روابط بڑھانے اور انکے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔