نعمان علی نے جنوبی افریقہ کے خلاف عبدالقادر کا 37 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

نعمان علی نے جنوبی افریقہ کے خلاف عبدالقادر کا 37 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

ویب ڈیسک: قومی ٹیم کے تجربہ کار اسپنر نعمان علی نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سابق لیجنڈ اسپنر عبدالقادر کا 37 سال پرانا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

نعمان علی پانچ مسلسل ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی بولر بن گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے 16ویں سے 20ویں ٹیسٹ کے دوران 46 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عبدالقادر نے 1987-88 میں اپنے 48ویں سے 52ویں ٹیسٹ کے دوران 44 وکٹیں حاصل کی تھیں۔مزید یہ کہ نعمان علی گزشتہ 12 ماہ کے دوران دنیا کے سب سے کامیاب اسپنر بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف لاہور ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کیں، جن میں پہلی اننگز میں 6 اور دوسری اننگز میں 4 شکار شامل ہیں۔اس سے قبل انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں بھی شاندار کارکردگی دکھائی تھی، جہاں پہلے ٹیسٹ میں 6 اور دوسرے ٹیسٹ میں 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں نعمان علی نے ملتان ٹیسٹ میں 11 اور راولپنڈی ٹیسٹ میں 9 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی نعمان علی نے اپنے نام ایک اور اعزاز درج کرایا تھا۔ انہوں نے قذافی اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کر کے سابق پاکستانی اسپنر اقبال قاسم کا 37 سالہ پرانا ریکارڈ توڑا۔39 سالہ نعمان علی اب تک اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 9 مرتبہ ایک اننگز میں 5 یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، جس کے ساتھ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ مرتبہ "پانچ وکٹیں" لینے والے پاکستانی لیفٹ آرم اسپنر بن گئے ہیں۔ان کی اس شاندار کارکردگی نے نہ صرف شائقینِ کرکٹ کو متاثر کیا بلکہ پاکستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف یادگار فتح دلانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔