بانی پی ٹی آئی سمیت قیدیوں کے بنیادی حقوق کے نفاذ کی درخواست پر سماعت 28 جنوری تک ملتوی

بانی پی ٹی آئی سمیت قیدیوں کے بنیادی حقوق کے نفاذ کی درخواست پر سماعت 28 جنوری تک ملتوی

لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی سمیت قیدیوں کے بنیادی حقوق کے نفاذ کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی گئی۔

 اس کیس میں آئی جی جیل خانہ جات کی جانب سے عدالت میں رپورٹ پیش کی گئی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ، عالیہ نیلم کی سربراہی میں اس کیس کی سماعت کی گئی، جس میں درخواست گزار ایڈووکیٹ آمنہ لیاقت اور عبداللہ ملک پیش ہوئے۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل وقاص عمر سے آئی جی جیل خانہ جات کی رپورٹ کی تفصیلات معلوم کیں، اور درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق کی غیر حاضری پر بھی ریمارکس دیے۔ ایڈووکیٹ عبداللہ ملک نے بتایا کہ اظہر صدیق کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے وہ پیش نہیں ہو سکے۔

چیف جسٹس نے پنجاب حکومت کے لاء افسر سے بات کرتے ہوئے ہدایت کی کہ درخواست گزار کے وکیل کو رپورٹ کی کاپی فراہم کی جائے اور ان کی موجودگی میں دلائل پیش کیے جائیں۔ عدالت نے سماعت کو 28 جنوری تک ملتوی کر دیا اور مزید کارروائی کی ہدایت کی۔