بین اسٹوکس کی ریٹائرمنٹ ویڈیو تنازع، آئی سی سی نے ای سی بی کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ

بین اسٹوکس کی ریٹائرمنٹ ویڈیو تنازع، آئی سی سی نے ای سی بی کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس کی ریٹائرمنٹ ویڈیو سے متعلق سامنے آنے والے تنازع میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے خلاف باضابطہ تادیبی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بین اسٹوکس نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹرینٹ برج میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ کے دوران اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم میں ریٹائرمنٹ سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ای سی بی کی میڈیا ٹیم نے ان کا خطاب ریکارڈ کیا، جسے میچ ختم ہونے سے قبل ہی براڈکاسٹرز اور سوشل میڈیا پر جاری کر دیا گیا۔اس اقدام پر آئی سی سی نے ای سی بی کو خط لکھ کر نشاندہی کی کہ دورانِ میچ پلیئرز اینڈ میچ آفیشلز ایریا (PMOA) سے ریکارڈ کی گئی آڈیو اور ویڈیو جاری کرنا اینٹی کرپشن پروٹوکول سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی کے زمرے میں آ سکتا ہے، کیونکہ یہ قوانین میچ کے دوران حساس معلومات کے تحفظ کے لیے نافذ کیے گئے ہیں۔بعد ازاں ای سی بی نے آئی سی سی کے خط کا جواب جمع کرایا، جس کے بعد دونوں اداروں کے درمیان معاملہ باہمی افہام و تفہیم سے طے پا گیا اور کسی قسم کی تادیبی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تاہم آئی سی سی اور ای سی بی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب اس معاملے پر سامنے آنے والی خبروں کے بعد بین اسٹوکس نے سوشل میڈیا پر مختصر پیغام "Sack him" شیئر کیا، جسے اس تنازع پر طنزیہ ردعمل قرار دیا جا رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق بین اسٹوکس کے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے وقت اور ویڈیو کے اجرا سے متعلق فیصلے میں ان کے نمائندوں اور ای سی بی کے حکام کے درمیان مشاورت کی گئی تھی، جبکہ ویڈیو جاری کرنے کے وقت پر ہی تنازع کھڑا ہوا، نہ کہ ریٹائرمنٹ کے اعلان پر۔