انسانی حقوق کا عالمی دن: بنیادی آزادیوں کی حفاظت کا عزم

انسانی حقوق کا عالمی دن: بنیادی آزادیوں کی حفاظت کا عزم

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔

 ہر سال 10 دسمبر کو یہ دن بنیادی انسانی حقوق کے بارے میں شعور اجاگر کرنے، عالمی صورتحال کا جائزہ لینے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کے لیے منایا جاتا ہے۔یہ دن 1948ء میں اقوام متحدہ کی جانب سے منظور کیے گئے تاریخی عالمی منشور یونیورسل ڈیکلریشن آف ہیومن رائٹس کی یاد میں منایا جاتا ہے، جس میں پہلی بار دنیا بھر کے انسانوں کے لیے مساوی حقوق کا اعلان کیا گیا۔ اس منشور میں مجموعی طور پر 30 بنیادی شقیں شامل ہیں اور اس کے تراجم دنیا کی تقریباً 375 زبانوں میں کیے جا چکے ہیں، جس کے باعث اسے دنیا کی سب سے زیادہ تراجم شائع ہونے والی دستاویز ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔یہ تاریخی قرارداد دوسری جنگ عظیم کے بعد سامنے آئی، جس کا مقصد دنیا بھر میں انسانی وقار اور حقوق کے لیے ایک متفقہ عالمی معیار قائم کرنا تھا۔

تاہم آج بھی دنیا کے مختلف خطوں میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ خاص طور پر مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں نہتے شہریوں کو تشدد، غیر انسانی سلوک اور جبری پابندیوں کا سامنا ہے، جبکہ عالمی طاقتوں کی جانب سے ان مسائل پر خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ بنیادی انسانی حقوق ہر انسان کا قدرتی حق ہیں اور ہر ریاست کے آئین و قانون میں ان کا تحفظ لازم ہے، مگر عملی طور پر کمزور اور ترقی پذیر ممالک کو اکثر نظرانداز کیا جاتا ہے۔اس دن کا مقصد یہی ہے کہ دنیا بھر میں انسان کی عزت، آزادی اور مساوات کے اصولوں کو مضبوط بنایا جائے۔