گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے فتح جنگ اٹک میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کے دوران حکومت اور اتحادی جماعتوں پر سخت تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ اگر وہ حکومتی کاموں کی تعریف کریں تو انہیں کچھ سڑکیں مل سکتی ہیں، لیکن وہ ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے لڑیں گے۔ سردار سلیم حیدر خان نے 17 ہزار سرکاری اسکولوں کو پرائیویٹائز کرنے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ غریب عوام کے لیے اسکولوں کی اہمیت سڑکوں سے زیادہ ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اتحادی ہونے کے باوجود غریب عوام کے حق میں آواز اٹھا رہے ہیں اور اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے عمل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے مذاکرات کو آگے بڑھانا چاہیے اور انتشار کی سیاست کو ختم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو پارٹی کا سرمایہ قرار دیا۔