ڈی آئی جی طیب حفیظ چیمہ نے ایس پی یو کا چارج سنبھالا

چینی ماہرین کی سکیورٹی اور اہم منصوبوں کے تحفظ کیلئے ایس پی یو متحرک: گفتگو
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی طیب حفیظ چیمہ نے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) پنجاب پولیس کا چارج سنبھال لیا۔ چارج سنبھالتے ہی ڈی آئی جی نے فوری طور پر مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور ایس پی یو کے آپریشنز روم کا تفصیلی جائزہ لیا، جہاں ایس ایس پی آپریشنز عثمان اعجاز باجوہ نے آپریشنز روم کی کارکردگی اور ورکنگ میکانزم پر بریفنگ دی۔ ڈی آئی جی نے RTVS سسٹم کے ذریعے غیر ملکی شہریوں، خصوصاً چینی باشندوں کی نقل و حرکت اور سکیورٹی کے اقدامات کا جائزہ لیا اور چائنیز ہیلپ لائن کا معائنہ کیا۔ ہیلپ لائن پر موصول شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک اور دیگر اہم منصوبوں پر کام کرنے والے چینی ماہرین کی فول پروف سکیورٹی ایس پی یو کی اولین ذمہ داری ہے، اور جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ تربیت اور مربوط حکمتِ عملی کے ذریعے سکیورٹی سسٹم کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔