بھارتی نجی ایئرلائن انڈیگو شدید پائلٹ بحران کا شکار ہو گئی، جس کے باعث صرف چار دن میں 1200 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
اس غیر معمولی صورتحال نے دہلی، ممبئی، بنگلورو، احمد آباد سمیت مختلف ایئرپورٹس پر ہزاروں مسافروں کو پھسا کر رکھ دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق مسافر کئی کئی گھنٹے بغیر کھانے پینے کے پروازوں کے انتظار میں بیٹھے رہے، جس کے باعث شدید ذہنی دباؤ اور غصے کا شکار ہو گئے۔کئی مقامات پر مسافروں کی عملے سے تلخ کلامی ہوئی، جبکہ متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔
راہول گاندھی کی حکومت پر تنقید
کانگریس رہنما اور اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے اس بحران پر بھارتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال حکومت کے اجارہ داری ماڈل کا نتیجہ ہے، جس کی قیمت عام بھارتی عوام کو تاخیر، پروازوں کی منسوخی اور بے بسی کی صورت میں ادا کرنا پڑ رہی ہے۔
راہول گاندھی کے مطابق حکومت کی پالیسیوں نے ہوا بازی کے شعبے میں مقابلے کی فضا کمزور کر دی ہے، جس کا براہِ راست نقصان مسافروں کو ہو رہا ہے۔