بھارتی ایئرلائن انڈیگو کی سیکڑوں پروازیں معطل ہونے کے باعث ایک نئے شادی شدہ جوڑے کا ریسیپشن غیر معمولی صورتحال اختیار کر گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کپل اور نیکیتا کی شادی کی تقریب دہلی میں منعقد ہونا تھی، تاہم دہلی جانے والی انڈیگو کی پرواز اچانک منسوخ ہو گئی۔ اس ناگہانی صورتحال میں جوڑا تقریب میں براہ راست شریک نہیں ہو سکا۔اس رکاوٹ کے باوجود کپل اور نیکیتا نے ہمت نہ ہاری اور جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیتے ہوئے ریسیپشن آن لائن منعقد کر دیا۔ انہوں نے ویڈیو کال کے ذریعے اپنے اہل خانہ، رشتے داروں اور دوستوں کو تقریب میں شامل کیا، جبکہ خود ہوٹل کمرے سے شریکِ محفل رہے۔جوڑے نے اسے ایک "منفرد اور یادگار" تجربہ قرار دیا۔ یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ ٹیکنالوجی مشکل حالات میں بھی تقاریب کو نئی شکل دینے اور لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔