بڑھتی دھند اور سموگ، ٹریفک حکام کو خصوصی ہدایت جاری

لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور سمیت پنجاب بھر میں بڑھتی ہوئی دھند اور اسموگ کے پیش نظر صوبائی حکومت نے ٹریفک حکام کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے تمام چیف ٹریفک آفیسرز (CTOs) اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسرز (DTOs) کو مراسلہ بھیجا ہے، جس میں موسمِ سرما کے دوران محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے جامع اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔مراسلے کے مطابق دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ اسموگ پیدا کرنے والی گاڑیوں کی نشاندہی اور چیکنگ کے لیے ٹریفک پولیس، ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ریت اور مٹی سے بھری گاڑیوں کو بغیر ترپال سڑکوں پر چلنے سے روکا جائے گا، اور شوگر کین ٹرالیز، ٹرکوں اور مزدا گاڑیوں پر ریفلیکٹر اسٹیکرز لگانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ رات کے وقت حادثات سے بچاؤ ممکن ہو سکے