پاکستان کی معیشت کے لیے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کی معاونت سے امریکا، جاپان اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں نے ریکوڈک منصوبے کے لیے 6 ارب ڈالر کی خطیر فنڈنگ کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق 6 بلین ڈالر کی مجموعی فنڈنگ میں سے 1.05 بلین ڈالر کی منظوری ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) اور ورلڈ بینک کی جانب سے پہلے ہی دی جا چکی ہے۔اے ڈی بی کے ترجمان نے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبہ عالمی سطح پر تانبے کی بڑھتی ہوئی کمی کو پورا کرنے میں مددگار ہوگا، جب کہ یہ پاکستان میں روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ علاقائی و سماجی ترقی کو بھی فروغ دے گا۔معاشی ماہرین کا ماننا ہے کہ ریکوڈک کے وسیع معدنی ذخائر پاکستان کی معیشت کے لیے اب تک کی سب سے بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری کا سنگ میل ثابت ہوں گے۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان کے معدنیات کے شعبے کو نئی جہت دے گا بلکہ برآمدات میں اضافہ اور زرِمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کا بھی سبب بنے گا۔واضح رہے کہ SIFC کے تعاون اور نگرانی میں ریکوڈک منصوبے پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے اور حکومتی عہدیداران کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ مستقبل قریب میں پاکستان کی اقتصادی ترقی کا کلیدی محرک ثابت ہوگا۔