واشنگٹن(آئی این پی )امریکی صدر جان ایف کینیڈی پر فائرنگ کے وقت چھلانگ لگا کر بچانے کی کوشش کرنے والا سیکرٹ سروس کا ایجنٹ انتقال کر گیا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق 93سالہ کلنٹ ہنٹ نے صدر کی لیموزین کی طرف چھلانگ لگا دی تھی، جب وہ اپنی اہلیہ جیکولین کینیڈی کے ہمراہ ایک کھلی گاڑی میں جا رہے تھے اور اس پر فائرنگ ہوئی تھی۔سیکرٹ سروس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان کا انتقال کیلیفورنیا میں ان کے گھر پر ہوا۔کلنٹ ہنٹ نے جان ایف کینیڈی فیملی کے علاوہ چار دیگر صدور کے دور میں بھی خدمات انجام دیں۔انہوں نے نہ صرف جان ایف کینیڈی اور جیکولین کینیڈی کو بچانے کی کوشش کی بل کہ جب صدر کو ہسپتال لے جایا جا رہا تھا اس وقت بھی مسلسل دونوں کے لیے ڈھال بنے رہے۔