محسن نقوی کی لائبہ اعجاز کے گھر آمد، اہلخانہ کو51 لاکھ روپے دیئے

لائبہ اعجاز کیس میں پوری ٹیم نے دن رات محنت کی، وعدہ پورا کرنا ہمارا فرض تھا
 اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات پرانے شیڈول کے مطابق ہوں گے:وزیرداخلہ کی گفتگو
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری  نے جی ٹین میں مرحومہ طالبہ لائبہ اعجاز کی رہائش گاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی اور مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی۔ اس موقع پر لائبہ اعجاز کیس میں ہونے والی پیش رفت سے اہل خانہ کو آگاہ کیا گیا، جبکہ ملزم نعمان سے برآمد ہونے والی 51 لاکھ روپے کی رقم بھی لائبہ کے اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لائبہ اعجاز کیس میں پوری ٹیم نے دن رات محنت کی۔ اہل خانہ سے کیا گیا وعدہ پورا کرنا ان کا فرض تھا۔ انہوں نے کیس میں ہونے والی پیش رفت سے بھی لائبہ کے خاندان کو آگاہ کیا۔اس موقع پر مرحومہ لائبہ اعجاز کے والد نے وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے، یہ سنا تھا، لیکن آج ہمیں اس بات کا یقین ہوگیا ہے‘دریں اثناء محسن نقوی نے کہا  ہے  اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات پرانے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت اسلام آباد کے قیدی اڈیالہ جیل میں ہیں اور نئی ماڈل جیل فعال ہونے کے بعد انہیں وہاں منتقل کیا جائے گا۔