جدید پولیسنگ کے تحت 20 خصوصی پوائنٹس قائم

 ڈولفن و پی آر یو کی کارروائیاں، 8 مشتبہ و مطلوب گاڑیاں برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر صوبائی دارالحکومت میں جدید پولیسنگ اور ٹیکنالوجی کے مئوثر استعمال کے تحت 20 خصوصی غیر متحرک پوائنٹس قائم کر دیے گئے ہیں جہاں ڈولفن اسکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ (PRU) کی 20 ٹیمیں دو شفٹوں میں تعینات ہیں۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق سیف سٹی کیمروں سے موصول ہونے والے الرٹس اور کالز پر کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف جرائم میں مطلوب 8 گاڑیاں برآمد کی گئی ہیں جن میں 4 جعلی نمبر پلیٹ، ایک چوری شدہ، ایک بلیک لسٹ اور 2 ٹیمپرڈ گاڑیاں شامل ہیں۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد نے کہا کہ ٹیموں کی بروقت کارروائیوں کے باعث جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر مئوثر نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ شہر کے حساس مقامات پر خصوصی ٹیمیں تعینات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی الرٹس پر فوری رسپانس کے ذریعے مشتبہ اور مطلوب گاڑیوں کی فوری نشاندہی ممکن ہوئی ہے۔ برآمد شدہ گاڑیوں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ جدید سرویلنس اور فیلڈ فورس کے اشتراک سے جرائم کی روک تھام میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔