برشونکی کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد کی کارروائی، کمشنر، ڈرائیور کی بازیابی کے لیے کوششیں
کوئٹہ(آئی این پی)بلوچستان کے ضلع خاران کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے کمشنر رخشان ڈویژن اسداللہ کاکڑ کو ڈرائیور سمیت اغوا کرلیا ہے۔یہ واقعہ نوشکی۔خاران روڈ پر اسی مقام کے قریب پیش آیا جہاں گذشتہ ماہ ڈپٹی کمشنر خاران کو اغوا کیا گیا تھا۔خاران کی ضلعی انتظامیہ کے ایک سینئر عہدے دار اور خاران پولیس کے ایک افسر نے غیر ملکی نشریاتی ادارے سے با ت کر تے ہو ئے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پرواقعے کی تصدیق کی ہے۔دوسری جانب صوبائی حکومت نے تاحال نہ واقعے کی باضابطہ تصدیق کی ہے اور نہ ہی کوئی بیان جاری کیا ہے۔پولیس افسر کے مطابق جمعرات کو اسداللہ کاکڑ اپنے ڈرائیور اور کیشیٔر کے ہمراہ ذاتی گاڑی میں سکیورٹی سکواڈ کے بغیر کوئٹہ سے خاران جا رہے تھے۔خاران سے قریباً 35 سے 40 کلومیٹر پہلے پولیس تھانہ پتکن کی حدود میں برشونکی کے مقام پر مسلح افراد نے اسلحے کے زور پر ان کی گاڑی روک لی۔‘پولیس افسر نے بتایا کہ مسلح افراد نے تینوں افراد کو یرغمال بنایا، تاہم بعد میں کیشیٔر حاجی قاسم کو چھوڑ دیاجبکہ کمشنر اور ڈرائیور کو اغوا کر کے گاڑی سمیت پہاڑوں کی جانب لے گئے۔رہائی کے بعد حاجی قاسم نے پولیس اور متعلقہ حکام کو واقعے کی اطلاع دی۔کمشنر کے اغوا کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔