خیبر پختونخوا میں سردی کی شدت بڑھ گئی، بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان

خیبر پختونخوا میں سردی کی شدت بڑھ گئی، بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان

پشاور: خیبر پختونخوا میں موسم کی شدت بڑھ گئی ہے، جس کی وجہ سے صوبے کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی آئی ہے اور سردی میں اضافہ ہوا ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سردی محسوس ہو سکتی ہے۔ بالائی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم کا بھی امکان ہے۔چترال اور بالائی دیر میں کچھ مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔ صوبائی دارالحکومت پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ کالام میں درجہ حرارت منفی 4 ڈگری، مالم جبہ، دیر بالا اور پاراچنار میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

دیگر علاقوں میں منفی 2 درجہ حرارت سوات مینگورہ، دیر لوئر اور تیمرگرہ میں ریکارڈ کیا گیا، جبکہ چترال میں منفی 1 اور کاکول میں 0 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ خیبر پختونخوا کے گرم ترین علاقوں ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں میں بھی کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے اور صوبے کے مختلف حصوں میں برفباری اور بارش کا امکان برقرار رہے گا۔