پٹرول مہنگا کرنا ہی تھا تو اس وقت کرنا چاہیے تھا جب واقعی مہنگا تیل ملک میں آتا
اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا ہے کہ پرانی قیمتوں پر خریدا تیل 55 روپے مہنگا کرنے کا فائدہ پٹرول پمپس اورپیٹرول ذخائر والوں کو ہوا۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے راستے دنیا کا 20فیصد تیل گزرتا ہے ، ایران نے وہ گزرگا ہ بند کردی ہے، جس کی وجہ سے یواے ای ، کویت ، قطر اور سعودی عرب اور ایران کا تیل اسی راستے سے گزرتا ہے۔جب آبنائے ہرمز کا راستہ بند ہوا تو دنیا میں تیل کا بحران پیدا ہوا ۔ اب تیل کے جہاز بھی پورٹ پر پہنچ گئے ہیں، یہ تیل پرانی قیمتوں پر خریدا ہوا ہے۔تیل کی قیمتیں بڑھانے سے حکومت کا نہیں بلکہ ان کا فائدہ ہوا جن کے پاس تیل کے ذخائر پڑے ہیں۔سید نوید قمر نے کہا کہ پرانی قیمتوں پر خریدا ہوا تیل راتوں رات 55 روپے مہنگا کر دیا گیا، جس کا فائدہ پٹرول پمپس اور پٹرول ذخیرہ کرنے والوں کو ہوا۔اگر پٹرول مہنگا کرنا ہی تھا تو اس وقت کرنا چاہیے تھا جب واقعی مہنگا تیل ملک میں آتا۔