اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مختلف اراکین قومی اسمبلی نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، حلقوں کے مسائل اور ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقاتوں کے دوران اراکین قومی اسمبلی نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کو عوام دوست قرار دیتے ہوئے وزیراعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار اور حالیہ کامیاب سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں میاں عالم داد لالیکا، ارم حامد حمید، شیخ آفتاب احمد، محمد خان ڈاہا، انوار الحق چوہدری، شہباز بابر، سردار شمشیر مزاری اور دانیال احمد شامل تھے۔ملاقاتوں کے دوران ارکان نے اپنے اپنے حلقوں کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل سے متعلق امور بھی اٹھائے، جن پر وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت دینے کا یقین دلایا۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طلحہ برکی بھی موجود تھے۔ذرائع کے مطابق ان ملاقاتوں کا مقصد پارلیمانی رابطوں کو مضبوط بنانا اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو مزید تیز کرنا ہے۔