پنجاب سے 35.8 فیصد‘خیبرپختونخوا 38 فیصد، سندھ سے 37.6 فیصد لوگ باہر جانا چاہتے ہیں
معاشی مشکلات، روزگار،سیاسی بے یقینی کی بنا پر ملک سے باہر جانے والوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا
کراچی (آن لائن)پاکستان کے شہری علاقوں سے 40 فیصد شہری پاکستان چھوڑنے کے خواہش مند ہیں اور دیہی علاقوں میں یہ تناسب 36 فیصد ہے۔معاشی مشکلات، روزگار کی کمی، سیاسی بے یقینی اور دیگر وجوہات کی بنا پر ملک چھوڑنے کی خواہش رکھنے والوں میں بلوچستان اور آزاد کشمیر 42 فیصد کے ساتھ سرفہرست ہیں۔قومی انسانی حقوق کمیشن کی ایک سروے رپورٹ کے مطابق پنجاب سے 35.8 فیصد شہری وطن چھوڑنا چاہتے ہیں، کے پی میں یہ تناسب 38 فیصد، سندھ میں 37.6 فیصد، اسلام آباد میں 36.5 فیصد اور گلگت بلتستان میں 42 فیصد ہے۔ادھرچیئرپرسن این سی ایچ آر رابعہ جوہری آغا کا کہنا ہے کہ غیر قانونی راستوں میں شدید مشکلات پریشانی اور جان کے خطرے کے باوجود پاکستان سے غیر قانونی ہجرت کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے، این سی ایچ آر ملائیشیا میں قید پاکستانیوں کو وطن لانے کے لیے متحرک ہے جبکہ غیر قانونی ہجرت سے متاثرہ پاکستانیوں کو قونصلر معاونت فراہم کی جارہی ہے۔