فیصل کریم کنڈی بطورایڈمنسٹریٹر کنٹرول سنبھال لیا
کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی تمام متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مئوثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی، کونسل کے ارکان صوبے کی بہتری کے لیے مئوثر تجاویز پیش کریں، امن و امان کا قیام اور عوام کا تحفظ اولین ترجیح، عوام کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے: گورنر
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نیبطورایڈمنسٹریٹر کنٹرول سنبھال لیا ان کی سربراہی میں 11 رکنی ایڈوائزری کونسل کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کو درپیش چیلنجز، امن و امان کی صورت حال، عوام کے تحفظ، کرپشن کے خاتمے اور سیاحت کے فروغ پر توجہ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے اجلاس کے شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ صوبے کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، اس لیے کونسل کے ارکان اپنی ذمہ داریاں محنت، لگن اور دلجمعی سے ادا کریں اور صوبے کی بہتری کے لیے مئوثر تجاویز پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام اور عوام کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ خیبرپختونخوا کے عوام کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ پولیس اور کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی استعداد کار میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ فیصل کریم کنڈی نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مئوثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔ عوام نے کونسل کے ارکان پر اعتماد کیا ہے، اس لیے انہیں اپنی کارکردگی کے ذریعے اس اعتماد پر پورا اترنا چاہیے۔ گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور سیاحت کے فروغ کے لیے بھی کام کیا جائے گا۔ تمام متعلقہ فریقوں کو باہمی تعاون سے صوبے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایڈوائزری کونسل باہمی تعاون اور مئوثر تجاویز کے ذریعے صوبے کے مسائل کے حل اور عوام کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔