پاکستان اور برطانیہ کا دیرپا علاقائی امن کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

  باہمی روابط کو وسعت دی جائیگی،لندن میںپاکستانی ہائی کمیشن کا برطانوی دفترخارجہ کے وفد کے اعزازمیں ظہرانہ
لندن (آئی این پی )پاکستان اوربرطانیہ کے درمیان دیرپا علاقائی امن کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ہوگیا ۔لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن نے برطانوی دفتر خارجہ کے وفد کے اعزاز میں ایک پروقار ظہرانے کا اہتمام کیا، جس کی قیادت سابق برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کی۔اس موقع پر دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان مسئلہ کشمیر، جنوبی ایشیا میں امن و استحکام اور باہمی سفارتی تعاون جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستانی نمائندوں نے مسئلہ کشمیر کو برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے اس کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا اور سفارت کاری، مذاکرات اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔دونوں ممالک نے خطے میں دیرپا امن کے قیام اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ظہرانے کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے باہمی روابط کو وسعت دی جائے گی، تاکہ عالمی اور علاقائی سطح پر امن و استحکام کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔