رمضان کی آمد: گھی وکوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا

  یوٹیلٹی سٹورز پر چینی ، آٹا اور چاول مارکیٹ کے مقابلے میں مہنگے فروخت ہونے لگے
 اسلام آباد(آئی این پی )رمضا ن المبارک کی آمد سے قبل ملک میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں فی کلو چھ روپے تک کا اضافہ کردیا گیا۔ تفصیل کے  مطابق اے گریڈ گھی کی تھوک قیمت 595سے 600روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے، جبکہ بی گریڈ برانڈز کی قیمت 540روپے فی کلوگرام تک جا پہنچی ہے۔بی گریڈ گھی کے دیگر کچھ برانڈز 550روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی کی قیمت 145روپے سے بڑھ کر 150روپے فی کلو کر دی گئی ، چند دن قبل یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی کی قیمت 140روپے فی کلو مقرر تھی۔ یوٹیلٹی سٹورز پر چینی ، آٹا اور چاول مارکیٹ کے مقابلے میں مہنگے فروخت ہونے لگے ۔یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ میں قیمتیں مزید بڑھنے کے باعث چینی کی قیمت میں اضافہ کیا، مزید اضافے کے باوجود یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی اوپن مارکیٹ سے سستی ہے۔