آسمان پر سورج پوری آب و تاب سے چمک رہا ہے، تاہم صبح سویرے ہلکی خنکی نے موسم کے بدلنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر کا درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے۔محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ اکتوبر کے آخر میں بارش کا امکان ہے، جس سے درجہ حرارت میں مزید کمی آسکتی ہے۔
لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی
دوسری جانب شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 212 ریکارڈ کی گئی، جس کے ساتھ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر ہے۔
سول سیکرٹریٹ میں آلودگی کی شرح 399،
غازی روڈ انٹرچینج پر 266،
ڈی ایچ اے فیز 8 میں 262،
ایف سی کالج کے اطراف 260،
اقبال ٹاؤن میں 250،
جبکہ سید مراتب علی روڈ پر 244 ریکارڈ کی گئی۔
ماحولیاتی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بچوں اور بزرگوں کو فضائی آلودگی سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔