میری بیٹی ہی ہمارے گھر کی اصل 'الفا' ہے، عالیہ بھٹ

میری بیٹی ہی ہمارے گھر کی اصل 'الفا' ہے، عالیہ بھٹ

بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے اپنی گھریلو زندگی سے متعلق دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے گھر کی اصل "الفا" نہ وہ ہیں اور نہ ہی ان کے شوہر رنبیر کپور، بلکہ ان کی ننھی بیٹی رہا کپور ہے۔

اپنی آنے والی فلم الفا کی تشہیر کے دوران ایک انٹرویو میں عالیہ بھٹ سے پوچھا گیا کہ کیا حقیقی زندگی میں بھی وہ "الفا" اور رنبیر کپور "اینیمل" ہیں؟ اس پر انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا، "رہا!"اداکارہ نے ہنستے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی ہی گھر کی اصل "الفا" اور "اینیمل" ہے، جو گھر میں سب فیصلے کرتی ہے اور اکثر انہیں مشورے بھی دیتی رہتی ہے۔عالیہ بھٹ نے ایک دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ ایک روز انہوں نے گھر میں جینز پہن لی تو رہا نے فوراً پوچھا، "آپ کہاں جا رہی ہیں؟" جب انہوں نے جواب دیا کہ وہ صرف نائٹ سوٹ کے بجائے جینز پہن کر گھر میں بیٹھنا چاہتی ہیں تو رہا نے کہا، "نہیں، آپ ایسے نہیں بیٹھتیں۔"اداکارہ نے مزید کہا کہ انہیں اپنی بیٹی سے اکثر تعریفیں سننے کو ملتی ہیں، جو انہیں بے حد خوشی دیتی ہیں۔

اس سے قبل بھی ایک تقریب میں عالیہ بھٹ نے بتایا تھا کہ رہا کو اداکاری، موسیقی اور رقص میں خاص دلچسپی ہے۔ ان کے مطابق وہ کھیلوں میں بھی سرگرم ہے، گانے شوق سے سنتی ہے، جلدی ڈانس اسٹیپس سیکھ لیتی ہے اور اپنی عمر کے لحاظ سے قائدانہ شخصیت کی مالک ہے۔واضح رہے کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی ملاقات ایک فلم کے سیٹ پر ہوئی تھی۔ دونوں نے 2018 میں ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنا شروع کیا، 14 اپریل 2022 کو شادی کی اور 6 نومبر 2022 کو ان کے ہاں بیٹی رہا کپور کی پیدائش ہوئی۔