لاہور (سپورٹس ڈیسک)کھیلوں کے بڑے ڈپارٹمنٹ واپڈا نے 3کھیل بند کردیے۔واپڈا اسپورٹس بورڈ نے بیس بال، سافٹ بال اور نیٹ بال کو بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، 3 کھیل بند کرنے کے نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد مرد و خواتین کھلاڑی پریشان ہوگئے ہیں۔واپڈا کی طرف سے 3 کھیلوں کو جاری نہ رکھنے کا نوٹیفکیشن فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، تینوں کھیلوں سے وابستہ افراد کو ڈیوٹیز پر واپس بھیج دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے ذریعے کھلاڑیوں اور کوچز کو 18 اگست سے کھیلوں کی سرگرمیوں کیلیے فری نہ کرنے کا کہا گیا ہے۔واپڈا کے نوٹیفکیشن میں تینوں کھیل بند کرنے کے حوالے سے کوئی وجہ بیان نہیں کی ہے، اس سے قبل واپڈا نے پی سی بی کے ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔