2پولیس مقا بلے، خطرناک ڈاکو ہلاک، ایک زخمی ملزم گرفتار

 مشکوک موٹر سائیکل سوار نے ناکے پر رکنے کے بجائے فائرنگ کر دی،فصلوں میں جا چھپا
20 مقدمات میں مطلوب رمضان مالٹا کی لاش بر آمد ،12مقدمات میں ملوث زین زیر حراست 
 بھیرہ (خصوصی رپورٹ)ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کی ہدایت پر اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کیلئے لگائے گئے ناکوں کے دوران پولیس مقابلے میں ایک خطرناک ملزم ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق سی سی ڈی تحصیل بھیرہ کے انچارج حاجی ملک فاروق حسنات اپنی ٹیم کے ہمراہ میلووال کے قریب ناکہ لگا کر موجود تھے کہ ایک مشکوک موٹر سائیکل سوار نے رکنے کے بجائے پولیس پر فائرنگ کر دی اور قریبی فصلوں میں جا چھپا۔ سرچ آپریشن کے دوران ایک لاش بر آمد ہوئی جس کی شناخت رمضان عرف مالٹا کے نام سے ہوئی۔پولیس کے مطابق ہلاک ملزم تھانہ مٹھہ سمیت مختلف تھانوں میں ڈکیتی، راہزنی اور ناجائز اسلحہ کے 20 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا۔قبل ازیں تھانہ میانی کی حدود میں تین موٹر سائیکل سواروں نے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ دورانِ سرچ آپریشن ایک زخمی ملزم زین عباس، ساکن ہاتھی ونڈ کو گرفتار کر لیا گیا، جو تھانہ بھیرہ اور میانی میں درج 12 مقدمات میں ملوث ہے۔انچارج سی سی ڈی ملک فاروق حسنات نے کہا کہ ملزموں کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔