پاکستانی اداکارہ و ماڈل سنیتا مارشل نے معاشرے میں شوہروں کی جانب سے بیویوں کے ساتھ نامناسب رویے پر اظہارِ خیال کیا ہے۔
سنیتا مارشل نے کہا کہ تقریباً 98 فیصد مرد دوستوں کی محفل میں اپنی بیویوں کا مذاق اڑاتے ہیں، جو ان کے بقول دیسی معاشرے میں زیادہ عام ہے، جبکہ مغربی معاشروں میں ایسا رویہ کم نظر آتا ہے۔اداکارہ نے کہا کہ اگر بیوی سب کے سامنے کوئی مشورہ دے تو بعض شوہر فوراً اسے برا بھلا کہنا شروع کردیتے ہیں، حالانکہ اگر مشورہ غلط ہو تو شوہر بعد میں بھی مناسب انداز میں اپنی اہلیہ کو سمجھا سکتا ہے۔سنیتا مارشل کے مطابق ہمارے معاشرے میں مردوں کی ذہنیت اس طرح بنائی جاتی ہے کہ بیویاں شوہروں سے کمتر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اکثر بیویاں شوہروں سے احترام سے ’آپ‘ کہہ کر بات کرتی ہیں، جبکہ شوہر انہیں ’تم‘ کہہ کر مخاطب کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعض شوہروں کو یہ احساس ہوتا ہے کہ بیوی عمر یا حیثیت میں ان سے چھوٹی ہے، اس لیے وہ اس کا مذاق اڑا سکتے ہیں۔سنیتا مارشل کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جہاں متعدد صارفین نے ان کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے اپنی آرا کا اظہار کیا۔