بھارت میں نصب مجسمہ میسی کا یا شعیب ملک کا؟ سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی

لاہور(سپورٹس ڈیسک): بھارت میں نصب کیا گیا لیونل میسی کا مجسمہ پاکستانی اسٹار کرکٹر شعیب ملک کا دکھائی دے رہا ہے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی۔عالمی شہرت یافتہ چیمپئن فٹبالر لیونل میسی کا مجسمہ حال ہی میں بھارتی شہر کولکتہ میں نصب کیا گیا اور اس حوالے سے منعقدہ تقریب جس میں اسٹار فٹبالر خود شریک ہوئے تھے، وہ بد انتظامی اور افراتفری کا شکار ہو کر خود بھارت کی جگ ہنسائی کا سبب بن رہی ہے۔تاہم اس سارے معاملے کے برعکس مجسمہ کا ایک دلچسپ پہلو بھی سامنے ا?یا ہے کہ یہ مجسمہ دیکھنے میں پاکستانی کرکٹ اسٹار شعیب ملک کا لگ رہا ہے، جس پر سوشل میڈیا پر تبصرے کیے جا رہے ہیں۔اس 70 فٹ بلند مجمسے میں میسی کو ورلڈ کپ کی ٹرافی تھامے دکھایا گیا ہے۔ تاہم سوشل میڈیا پر اس کی ویڈیو اور تصاویر وائرل ہونے پر شائقین کھیل نے اس کو شعیب ملک سے مشابہہ قرار دینا شروع کر دیا ہے اور مختلف سائٹس پر مذکورہ مجسمے کے ساتھ شعیب ملک کی تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں۔صارفین کا کہنا ہے کہ مجسمے کے چہرے کے خدوخال سمیت مجموعی انداز لیونل میسی سے زیادہ شعیب ملک سے مل رہا ہے۔ اور اس حوالے سے کرکٹ اور فٹبال کا دلچسپ ملاپ سمیت کئی دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔کچھ صارفین نے اس کو میسی پلس شعیب ملک کولیبریشن قرار دیا تو کچھ نے طنزیہ کہا کہ ’’یہ میسی کا مجسمہ ہے، یا شعیب ملک کا فٹبال ورژن‘‘۔کچھ نے لکھا کہ اب شعیب ملک کو خود بھارت آ کر اس مجسمے کے ساتھ تصویر بنوانی چاہیے۔ جب کہ بعض صارفین نے یہ بھی کہا کہ اگر نام نہ بتایا جاتا تو وہ اس کو پاکستانی کرکٹر شعیب ملک ہی سمجھتے۔تاہم سوشل میڈیا کی اس دلچسپ بحث میں میسی کے فینز بھی شامل ہو گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ مجسمہ بنانے کا مقصد نیت اور جذبہ ہوتا ہے، چہرے کی سو فیصد مشابہت ممکن نہیں۔