25 سال قبل پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی شکست کی یاد تازہ

لاہور(نیٹ نیوز)لارڈز ٹیسٹ میں 25 سال قبل پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی شکست کی یاد تازہ ہوگئی۔لارڈز میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 22 رنز سے ہرا دیا۔ اس شکست نے بھارت کی 25 سال قبل پاکستان کے ہاتھوں ہار کی یاد تازہ کردی۔لارڈز میں تیسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت کو جیت کیلئے 193 رنز کا ہدف دیا تھا جسے پورا کرنے میں بھارتی ٹیم ناکام رہی اور 170 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، یوں انگلینڈ کو 22 رنز سے فتح حاصل ہوئی۔میچ کی دلچسپ بات آخری وکٹ پر جڈیجا اور محمد سراج کی مزاحمت شامل تھی، چائے کے وقفے تک بھارت کو جیت کیلئے 30 رنز جبکہ انگلینڈ کو ایک وکٹ درکار تھی۔انگلینڈ کے اسپنر شعیب بشیر نے اپنی زخمی انگلی کے ساتھ بولنگ کروائی اور آخر تک مقابلہ کرنے والے محمد سراج کو ڈرامائی انداز میں آؤٹ کردیا۔شعیب بشیر کی گیند کو محمد سراج نے پیچھے ہٹ کر کھیلنے کی کوشش کی مگر گیند بلے سے ٹکرا کر کریز پر گری اور آہستہ آہستہ گھومتی ہوئی پیچھے کی طرف جانے کے بعد لیگ اسٹمپ سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے وہ آؤٹ ہوگئے اور یوں انگلینڈ کو ایک سننسی خیز مقابلے کے بعد فتح نصیب ہوئی، محمد سراج نے 30 گیندوں پر 4 رنز بنائے اور 64 منٹ تک کریز پر کھڑے رہے، جبکہ میچ کے آخری لمحے تک لڑتے ہوئے جڈیجا نے 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔لارڈز ٹیسٹ میں ایک لمحہ ایسا آیا جس نے 25 سال قبل پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی شکست کی یاد تازہ کردی، دونوں میچز میں بھارتی ٹیم آخری لمحات میں ہمت ہار گئی، جس انداز میں آج محمد سراج شعیب بشیر کا شکار ہوئے، ویسے ہی سری ناتھ کو ثقلین مشتاق نے آوٹ کیا تھا، دونوں مرتبہ گیند بیٹ کو چھونے کے بعد وکٹوں سے جا ٹکرائی۔