پاکستان کی چاول برآمدات میں نمایاں اضافہ

پاکستان کی چاول برآمدات میں نمایاں اضافہ

پاکستان کی چین کو چاول کی برآمدات میں قابل ذکر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

 رواں سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران پاکستان نے چین کو چاول کی برآمدات میں 63 فیصد اضافہ کیا، جس سے برآمدات کی رقم 45.27 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جو کہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 24.85 ملین ڈالر تھی۔ یہ اعداد و شمار چین کی جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز نے جاری کیے ہیں۔چین میں چاول کی برآمدات کے حوالے سے چائنا اکنامک نیٹ کا کہنا ہے کہ اس عرصے کے دوران پاکستان نے نیم یا مکمل صاف چاول (کموڈیٹی کوڈ 10063020) کی برآمدات 34.30 ملین ڈالر میں کیں، جس کا مجموعی وزن 76.36 ملین کلوگرام رہا، اور فی کلوگرام قیمت تقریباً 0.44 ڈالر ریکاڑ کی گئی ہے۔اسی طرح، رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق، مالی سال 2024 میں پاکستان نے امریکہ کو تقریباً 7 لاکھ 72 ہزار 725 ٹن باسمتی چاول برآمد کیے، جن سے 87 کروڑ 69 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔ یہ تعداد پچھلے مالی سال کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے، جب کہ برآمد کی مقدار 5 لاکھ 95 ہزار 120 ٹن اور آمدنی 65 کروڑ 4 لاکھ ڈالر تھی۔

گلوبل ٹریڈ پلیٹ فارم وولزا کے مطابق، نومبر 2023 سے اکتوبر 2024 کے دوران، امریکہ پاکستان کی کل باسمتی چاول برآمدات کا 24 فیصد حصہ رہا، جو کہ 1 ہزار 519 شپمنٹس پر مشتمل ہے۔ دوسرے نمبر پر اٹلی رہا، جہاں پاکستانی چاول کی برآمدات 14 فیصد رہی، اور تیسرے نمبر پر برطانیہ ہے، جس نے 11 فیصد برآمدات (716 شپمنٹس) کے ساتھ حصہ لیا۔مجموعی طور پر، یہ تین مارکیٹیں پاکستان کی باسمتی چاول برآمدات کا تقریباً 49 فیصد حصہ بناتی ہیں۔ پاکستان اس وقت 110 سے زائد ممالک کو باسمتی چاول برآمد کر رہا ہے، جن میں چین، آسٹریلیا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کینیڈا، نیدرلینڈز اور جرمنی شامل ہیں۔