لاس اینجلس (شوبز ڈیسک)کولمبیا کی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا نے فرانس کے اسٹار فٹبالر اور قومی ٹیم کے کپتان کلیان ایمباپے سے متعلق ایک دلچسپ راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے
بتایا ہے کہ ان کے گانے دائی دائی کی میوزک ویڈیو میں حصہ لینے کے لیے سب سے پہلے رضامندی ظاہر کرنے والے فٹبالر ایمباپے تھے۔ شکیرا نے ایک خصوصی پیغام میں ایمباپے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، کیا آپ جانتے ہیں کہ میرے گانے دائی دائی کی ویڈیو میں شامل ہونے کے لیے سب سے پہلے کلیان ایمباپے نے ہاں کی تھی؟ کلیان، میں اس محبت اور تعاون کے لیے ہمیشہ آپ کی شکر گزار رہوں گی۔ بہت بہت شکریہ۔شکیرا نے بتایا کہ ایمباپے نے میوزک ویڈیو کے آغاز میں ہم تیار ہیں کا مشہور جملہ استعمال کرنے کی بھی اجازت دی، جو فیفا ورلڈ کپ 2026 کی تشہیری مہم کا حصہ تھا۔گلوکارہ کے مطابق اس میوزک ویڈیو میں دنیا کے کئی معروف فٹبالرز نے بھی ان کی دعوت قبول کی، جن میں انگلینڈ کے ہیری کین، ارجنٹینا کے لیونل میسی، جرمنی کے جمال موسیالا، کولمبیا کے لوئس ڈیاز اور برازیل کے وینیسیئس جونیئر شامل ہیں۔ ان تمام ستاروں کی موجودگی نے ویڈیو کو شائقین کے لیے مزید یادگار بنا دیا۔